اٹھائس ممالک اور بین الاقوامی تنظیموں کے نمائندوں نے ایران کے دارالحکومت تہران میں خواتین کے ایک جیل کا معائنہ کیا۔ ارنا نیوز کے مطابق غیر ملکی نمائندے چھتیس الگ الگ گروہ کی شکل میں تہران میں خواتین سے مخصوص ایک جیل پہنچنے اور وہاں کے مختلف شعبوں کو قریب سے جاکر دیکھا۔
یہ اقدام ایران کے ادارۂ انسانی حقوق اور ادارۂ جیل کی ہماہنگی سے انجام پایا جس کا مقصد خواتین کی جیل میں نافذ کئے جانے والے تربیتی و اصلاحی نظام سے آشنا ہونا تھا۔ مذکورہ غیر ملکی سفارتی وفد تین گھنٹے تک جیل میں رہا اور اس دوران اُس نے جیل میں قید خواتین کے لئے فراہم کی گئیں انواع و اقسام کی سہولیات کا جائزہ لیا۔ ساتھ ہی انہوں نے قیدیوں میں چھپی مثبت اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مقصد سے فراہم شدہ متعدد ورکشاپس اور دیگر سہولتوں کو قریب سے دیکھا۔
انہوں نے قیدیوں سے ملاقات کے علاوہ ان کی رہائش کی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔
معائنے سے قبل مختلف ممالک اور بین الاقوامی نمائندوں کا ایک اجلاس بھی ہوا جس میں ایران کے انسانی حقوق کے ادارے کے سربراہ کاظم غریب آبادی نے خواتین کی جیلوں اور ان میں فراہم کی جانے والی تعلیمی، اصلاحی اور صلاحیت افزا سہولتوں کے حوالے سے انہیں گاہ کیا۔