چینگڈو: ظاہری شکل و صورت کے بجائے قابلیت کو اہمیت دینے کے لیے چینی کمپنی نے ایک انوکھا تجربہ کیا جس میں نوکری کے امیدواروں نے ماسک پہن کر انٹرویو دیا جب کہ انٹرویو کرنے والے افسر نے خود بھی ماسک پہن کر شرکت کی۔
دلچسپ بات یہ تھی کہ سوشل میڈیا پر اس عمل کو خاصا سراہا جا رہا ہے، کیوں کہ اس سے ظاہری خدوخال کے بجائے کسی شخص کی حقیقی قابلیت کھوجنے میں مدد مل سکتی ہے۔
نجی ٹی وی کے مطابق 3فروری کو پوسٹ ہونے والی ایک ویڈیو سب سے پہلے چینی سوشل میڈیا پر نظر آئی۔ اس سلسلے میں کمپنی نے بتایا کہ وہ اپنے ادارے میں شکل و صورت کی بنا کر امتیاز کا خاتمہ کرنا چاہتی ہے۔ اس ویڈیو میں بہت سے خواتین و حضرات کو ماسک پہنے دیکھا جاسکتا ہے جب کہ کمپنی کا مالک یا مجاز افسر بھی اپنا چہرہ نہیں دکھارہا۔
یہ ویڈیو زینگ نامی خاتون نے بنائی ہے جو انٹرویو کے دوران موجود تھیں۔ ان کے مطابق اگرچہ یہ منظر کچھ عجیب سا ضرور ہے لیکن اس سے سماجی فوبیا کم کرنے میں بھی مدد مل سکتی ہے۔ لوگوں کو پہلے ہی سادہ ماسک دیے گئے تھے اور ان پر نقش و نگار بنانے کی اجازت دی گئی تھی۔