کمپیوٹر کے آسان استعمال کے لیے ’کٹ، کاپی اور پیسٹ‘ کے شارٹ کٹ فیچر متعارف کرانے والے سائنسدان لیری ٹیسلر 74 برس کی عمر میں چل بسے۔
فوری طور پر لیری ٹیسلر کی موت کی وجوہات معلوم نہیں ہوسکیں تاہم جس کمپنی کے ساتھ وہ کام کرتے تھے انہوں نے ان کی موت کی تصدیق کی۔

لیری ٹیسلر 1945 میں نیویارک میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے 1960 کے بعد اسٹینفورڈ یونیورسٹی سے گریجوئیشن کیا۔
کمپیوٹر میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے کے بعد لیری ٹیسلر نے 1974 میں بطور کمپیوٹر ریسرچر و سائنسدان کام کا آغاز کیا اور انہوں نے کیلیفورنیا میں واقع ’زیروکس‘ نامی کمپیوٹر ریسرچ کمپنی میں کام کا آغاز کیا۔

اس کمپنی کو بعد ازاں ’پالو ایلٹو ریسرچ سینٹر‘ (پارک) نام دیا گیا اور اسی کمپنی میں کام کے دوران ہی لیری ٹیسلر نے کمپیوٹر کو آسانی سے استعمال کرنے والے فیچرز بنائے۔
ٹیکنالوجی ویب سائٹ ’دی ورج‘ کے مطابق لیری ٹیسلر نے ’کٹ، کاپی اور پیسٹ‘ کے فیچر متعارف کرائے جس کے بعد دیگر ماہرین نے اسی طرح کے دیگر شارٹ کٹ فیچرز متعارف کرائے۔









