نئی دہلی: بہترین گیند بازی کے دم پر دہلی کیپٹلس نے راجستھان رائلس کو آئی پی ایل کے 30 ویں مقابلے میں شکست دے کر پوائنٹ ٹیبل میں ٹاپ پر پہنچ گئی ہے۔ ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دہلی نے مقررہ اوور میں 7 وکٹ پر 161 رن بناکر 162 رنوں کا ہدف دیا، جواب میں راجستھان 148 رن ہی بنا سکی۔ آئی پی ایل کے اس سیزن میں دونوں ٹیمیں دوسری بار بھی دہلی نے بازی ماری۔
حالانکہ بلے بازی کے معاملے میں دہلی کچھ خاص نہیں کرپائی تھی، مگر شرے یس ایئر اور شکھر دھون کی نصف سنچری اننگ نے ٹیم کو سنبھالا اور راجستھان کے سامنے چیلنج سے پُر اسکور رکھا۔ اس کے بعد دہلی کے گیند بازوں نے کمال کر دیا۔ فیلڈنگ کے دوران دہلی کے کپتان شرے یس ایئر زخمی ہوکر باہر چلے گئے تھے۔
جوس بٹلر اور بین اسٹوکس نے راجستھان کو تیز شروعات دلائی۔ جوس بٹلر نے ابتدائی تین اوور میں چوکے لگائے اور 37 رن جوڑے، مگر تیسرے اوور کی آخری گیند پر اینرچ نارتجے نے انہیں بولڈ کرکے راجستھان کو پہلا جھٹکا دے دیا۔ جوس بٹلر نے 9 گیندوں پر 3 چوکے اور ایک چھکا لگاکر 22 رن بنائے۔ جوس بٹلر کے پویلین لوٹنے کے فوراً بعد ہی کپتان اسٹیو اسمتھ بھی آوٹ ہوگئے۔ آر اشون نے اپنی ہی گیند پر ان کا کیچ لپکا۔ اسمتھ صرف ایک رن ہی بنا پائے۔
بین اسٹوکس کے بعد ٹیم لڑکھڑائی
40 رن پر ہی دو وکٹ گرنے کے بعد بین اسٹوکس نے اننگ کو سنبھالنے کی کوشش کی مگر تشار دیش پانڈے نے انہیں آئی پی ایل میں اپنا پہلا شکار بنایا۔ 86 رن پر اسٹوکس کے طور پر راجستھان کو تیسرا جھٹکا لگا۔ بین اسٹوکس نے 35 گیندوں پر 6 چوکے لگاکر 41 رن کی اننگ کھیلی۔ اسٹوکس کے پویلین لوٹنے کے کچھ دیر بعد ہی سنجو سیمسن پٹیل کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ 97 رن پر چار وکٹ گنوانے کے بعد راجستھان کو سنبھالنے کی ذمہ داری رابن اتھپا اور ریان پراگ کی تھی، مگر رابن اتھپا کی غلطی کے سبب پراگ رن آوٹ ہوگئے۔