تہران، 28 مئی (یو این آئی) ایران کے عبوری صدر محمد مخبر نے ایران اور عمان کے درمیان دوطرفہ تجارت کو نمایاں طور پر فروغ دینے کے لیے دونوں ممالک کی غیر استعمال شدہ صلاحیتوں (خاص طور پر اقتصادی شعبے میں) کو بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ایرانی صدر کے دفتر کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے ایک بیان کے مطابق، مسٹرمخبر نے ایرانی دارالحکومت تہران میں عمان کے وزیر خارجہ سید بدر حمد البوسیدی کے ساتھ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت کو فروغ دینے کے طریقوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے یہ تبصرہ کیا۔
انہوں نے ایران اور عمان کے درمیان تعلقات کو تاریخی اور برادرانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کی غیر استعمال شدہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے دو طرفہ تجارت موجودہ سطح کے مقابلے میں کئی گنا بڑھ سکتی ہے۔
یہ بھی ضرور دیکھیں
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایران عمان کے ساتھ ہمہ جہتی تعاون کو بڑھانے کی اپنی حکمت عملی کو جاری رکھے گا جسے مرحوم ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے اپنے دور حکومت میں آگے بڑھایا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اعلیٰ ایرانی اور عمانی حکام کے عزم سے متاثر ہو کر مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو بہتر بنانے کے لیے نئے اقدامات کیے جائیں گے۔
عمانی وزیر خارجہ نے شمال مغربی ایران میں 19 مئی کو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں مسٹر رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان سمیت دیگر کی المناک موت پر تعزیت کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمان اور ایران کے درمیان تعلقات اسٹریٹجک اور اہم ہیں۔ انہوں نے اپنے ملک کی ایران کے ساتھ اپنے تعلقات کو وسعت دینے اور متنوع بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔