اسلامی جمہوریہ ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ کی موجودگی میں وسطی ایران کے صوبۂ اصفہان میں 10 میگاواٹ کے تحقیقی ری ایکٹر کی تعمیر کا آغاز ہوگیا۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ محمد اسلامی نے آج پیر کے روز ایران کے وسطی صوبۂ اصفہان کا دورہ کیا۔ محمد اسلامی نے اس دورے میں کہا کہ آج پیر کو صوبۂ اصفہان کی ایٹمی سائٹ پر 10 میگاواٹ کے تحقیقی ری ایکٹر کی تعمیر کا کام شروع ہوگیا ہے۔
محمد اسلامی نے مزید کہا کہ اصفہان ایٹمی سائٹ، جو کہ دنیا کے ایٹمی محوروں میں سے ایک ہے اور جہاں تین ایٹمی ری ایکٹر ہیں اور چوتھے ری ایکٹر کی تعمیر اس کے ایجنڈے میں شامل ہے، ایک کامیاب ایٹمی مرکز ہے۔
اصفہان کی ایٹمی سائٹ کے ایک حصے کی بین الاقوامی ایٹمی تحقیقی اور تربیتی مرکز میں تبدیلی کا عمل بھی ایران کی ایٹمی توانائی تنظیم کے سربراہ کے صوبۂ اصفہان کے دورے کے دوران انجام پایا۔
ایٹمی ٹیکنالوجی ان بنیادی ٹیکنالوجیوں میں سے ایک ہے جن کا نئی ٹیکنالوجی کی پیش رفت اور نئی صنعتوں کے فروغ میں بہت بڑا حصہ ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران نے بھی اپنے ماہرین کی صلاحیتوں پر بھروسہ کرتے ہوئے ایٹمی توانائی کے پرامن استعمال کی طرف قدم بڑھایا ہے اور نیک نیتی کے ساتھ ثابت کیا ہے کہ اس توانائی کے پُرامن اور صنعتی استعمال کے علاوہ اس کا کوئی اور مقصد نہیں ہے۔