امریکہ کے بے بنیاد الزامات کا مقصد غزہ میں صہیونی مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے، ایران
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے امریکہ کی جانب سے ایران پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد، سیاسی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے مسترد کردیا ہے۔
مہر خبررساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل مندوب امیر سعید ایروانی نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل اور سلامتی کونسل کے صدر کو ارسال کردہ ایک خط میں امریکہ کی جانب سے ایران پر لگائے گئے الزامات کو بے بنیاد، سیاسی اور گمراہ کن قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دوسروں پر بے بنیاد الزامات عائد کرنے کا مقصد صیہونی حکومت کی غیرقانونی اور وحشیانہ فوجی مہم سے دنیا کی توجہ ہٹانا اور غاصب صہیونی حکومت کو جنگی جرائم سے بری الذمہ قرار دینا ہے۔
ایروانی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ امریکہ نے ایک بار پھر سلامتی کونسل کی ذمہ داریاں ادا کرنے میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کی ہے۔ واشنگٹن نے اقوام متحدہ کے رکن ممالک پر سیاسی اور بے بنیاد الزامات عائد کرکے فلسطینی عوام پر صہیونی مظالم سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانے کی کوشش کی ہے۔
انہوں نے زور دیا کہ سلامتی کونسل کو اقوام متحدہ کے منشور کے مطابق اپنی ذمہ داریاں نبھاتے ہوئے غزہ پر صیہونی حملوں کے فوری خاتمے، مکمل اور غیرمشروط جنگ بندی، انسان ہمدردی کی بنیاد پر امداد کی فراہمی اور فلسطینی عوام کے مصائب کے خاتمے کے لئے فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔
ایروانی نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے 9929ویں سلامتی کونسل اجلاس کے دوران غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد پر ووٹنگ سے پہلے جو الزامات ایران پر لگائے گئے، وہ نہ صرف ثبوت سے عاری ہیں بلکہ ان کی کوئی قانونی حیثیت بھی نہیں۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے وقت میں جب سلامتی کونسل کو متحد ہوکر فوری اقدام کرنا چاہیے تھا تاکہ غزہ میں صہیونی حکومت کی بمباری، جبری بے دخلی، قحط اور بنیادی ڈھانچے کی منظم تباہی جیسے مظالم کو روکا جاسکے، امریکہ نے ایک بار پھر سلامتی کونسل کی کارکردگی کو سبوتاژ کیا ہے۔
ایروانی نے کہا کہ امریکہ نے غزہ میں مکمل، فوری اور غیرمشروط جنگ بندی اور بلا رکاوٹ انسانی امداد کی فراہمی سے متعلق قرارداد کو ویٹو کرکے نہ صرف اپنی اخلاقی اور قانونی ذمہ داری سے انحراف کیا ہے بلکہ یہ اقدام اس خطرناک اور تسلسل سے جاری امریکی پالیسی کا حصہ ہے جس کا مشاہدہ ہم گزشتہ 19 ماہ سے غزہ میں جاری نسل کُشی کے دوران کرتے آرہے ہیں۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ امریکہ کی جانب سے اسرائیل کی مسلسل حمایت کے باعث اب تک ہزاروں بے گناہ فلسطینی شہید ہوگئے ہیں جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
ایرانی مندوب نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی جانب سے فلسطینی عوام کی حمایت اور قابض صیہونی رژیم کے خلاف فلسطینی عوام کی جائز مزاحمت کی پشت پناہی مکمل طور پر اقوام متحدہ کے منشور، بین الاقوامی قوانین اور متعلقہ قراردادوں، بالخصوص سلامتی کونسل کی قراردادوں پر مبنی ہے۔