غزہ میں اسرائیلی حملے میں حماس کے رہنما اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹوں کی شہادت کے بعد ایران کے صدر ابراہیم رئیسی نے تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ایرانی صدر کا کہنا ہے کہ صہیونی کسی انسانی اور اخلاقی اقدار کے پابند نہیں، اس عظیم مصیبت کی گھڑی میں آپ، آپ کے گھر والوں کو تعزیت پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہر گزرتے دن کے ساتھ صہیونی حکومت کا مکروہ اور وحشی چہرہ دنیا کے سامنے عیاں ہوتا جا رہا ہے، اسرائیل اپنی ہزیمت آمیز شکست پر پردہ ڈالنے کے لیے ہر انسانی اور اخلاقی اقدار کو پامال کر رہا ہے۔
ایرانی صدر نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ اسرائیلی حملوں پر انسانی حقوق کے دعویدار ادارے اور ممالک بھی خاموش تماشائی بنے ہوئے ہیں۔ایرانی صدر ابراہیم رئیسی نے مزید کہا کہ یہ خاموشی صہیونی حکومت کے بزدلانہ حملوں کی حمایت کے مترادف ہے۔