ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس ریاض حسین پیرزادہ نے کیا۔ ایرانی صدر کے ہمراہ ان کی اہلیہ اور اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔ ایرانی وفد میں وزیرِ خارجہ، کابینہ کے ارکان اور اعلیٰ حکام کے علاوہ بڑا تجارتی وفد بھی شامل ہے۔
ایرانی صدر ابراہیم رئیسی صدر پاکستان، وزیر اعظم، اسپیکر قومی اسمبلی، چیئرمین سینیٹ سے ملاقات کریں گے۔ ایران اور پاکستانی حکام کے درمیان ہونے والی ملاقاتوں میں پاک ایران تعلقات کو مزید مضبوط بنانے ، تجارت، رابطے، توانائی اور زراعت سے متعلق امور پر بات چیت کی جائے گی۔
ابراہیم رئیسی کراچی اور لاہور کا بھی دورہ کریں گے جہاں وہ صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔