ایران کی جوہری توانائی تنظیم نے کہا ہے کہ ایران کے سائنسدان جوہری توانائی کے استعمال میں امریکی غنڈہ گردی کا مقابلہ کرنے کے لئے تیار ہیں۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم نے ایران کی جانب سے جوہری توانائی کے استعمال کے بارے میں امریکی وزیر خارجہ کے بیان کے جواب میں کہا کہ ایران کی ایٹمی صنعت کے سائنسدان رہبر معظم انقلاب اسلامی کی ہدایات کی روشنی میں جوہری توانائی کے استعمال میں امریکی حکومت کے جبر اور یکطرفہ پالیسی کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں۔
ایران کی جوہری توانائی کی تنظیم نے کہا ہے کہ جوہری توانائی کا پرامن استعمال اسلامی جمہوریہ ایران کا اصولی حق ہے اور جوہری طاقت ہمیشہ کے لئے ایرانی عوام کے پاس رہے گی۔
امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے اپنے ایران مخالف دعوے میں کہا کہ ایران کا دعوی ہے کہ وہ جوہری ہتھیار نہیں چاہتا ہے لیکن اس کے باوجود وہ اپنے جوہری پروگرام سے دنیا کو دھمکی دیتا ہے اس لئے دنیا کو چاہئیے کہ وہ ایران کی دھمکیوں کا مقابلہ کرے۔