سویڈن میں قرآن مجید کی توہین کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے اور بہت سے اسلامی ممالک نے سویڈن کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کیا ہے ۔
فارس خبر رساں ایجنسی نے ایران کی وزارت خارجہ کے آگاہ ذرائع کے حوالے سے بتایا ہے کہ اسلامی جمہوریہ ایران سویڈن میں قرآن مجید کی توہین اور اہانت کے خلاف بطور احتجاج اس ملک میں اپنا نیا سفیر نہیں بھیجے گا۔
حجتالله فغانی سویڈن میں ایران کے نئے سفیر تھے اور طے پایا تھا کہ وہ اسٹاک ہوم میں اس عہدے پر تعینات ہوں لیکن سویڈن میں قرآن کریم کی توہین کے باعث، وزارت خارجہ کے پاس اس ملک میں فی الحال نیا سفیر بھیجنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔
اس سے قبل ایران کی وزارت خارجہ نے سویڈن میں قرآن کریم کی توہین کے بعد سویڈن کے ناظم الامور کو دفتر خارجہ میں طلب کیا تھا۔
دفتر خارجہ کے عہدیدار نے سویڈن میں ہونے والے واقعے پر ایران کی جانب سے سخت ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس سے پہلے بھی سویڈن میں ایسے واقعات رونما ہوئے ہیں اگر بروقت روک تھام کی جاتی تو اسلامی مقدسات کی توہین کا واقعہ نہ دہرایا جاتا۔
سویڈن کے واقعہ کے خلاف عالم اسلام سراپا احتجاج ہے اور اردن، امارات، کویت اور عراق نے بھی سویڈن کے سفیر کو وزارت خارجہ میں طلب کر کے اپنا سخت اور شدید احتجاج ریکارڈ کرایا۔