ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ نے غزہ پٹی کے مظلوم عوام کے لئے ایرانی امداد کی پہلی کھیپ بھیجنے کا اعلان کیا ہے۔ فارس خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایرانی ہلال احمر سوسائٹی کے سربراہ پیرحسین کولیوند نے کہا کہ “امداد کی پہلی کھیپ میں تقریباً 60 ٹن طبی اور غذائی اشیا شامل ہیں۔” ان کہنا تھا کہ پیر تک ایک اور امدادی کھیپ کارگو بحری جہاز کے ذریعے بھیجی جائے گی جو 20,000 ٹن ضروری اشیا پر مشتمل ہوگی۔
واضح رہے کہ “طوفان الاقصیٰ” آپریشن چودہویں روز میں داخل ہو گیا ہے اور صیہونی حکومت کے خلاف جنگ میں استقامتی محاذ کی بےمثال فتوحات کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر غزہ کے رہائشی علاقوں، طبی مراکز، مساجد اور اجتماعات پر غاصب اسرائیلی فوج کی وحشیانہ بمباری بھی جاری ہے جس میں چار ہزار سے زیادہ فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ شہید ہونے والوں میں زیادہ تر بچے اور خواتین شامل ہیں۔