بغداد،؛عراق کے شمالی شہر کرکوک میں جمعرات کی شام کو چھ دھماکے ہوئے جس میں کم از کم چار افراد ہلاک ہو گئے اور 20 دیگر زخمی ہو گئے۔عراقی فوج کی مشترکہ فوجی مہم کمان کے میڈیا دفتر نے ایک بیان جاری کر کے یہ اطلاع دی۔ یہ دھماکے کرکوک شہر کی اہم گلیوں میں ہوئے۔ کرکوک شہر دارالحکومت بغداد سے تقریبا 250 كلوميٹر کی دور ی پر واقع ہے ۔کرکوک کی صوبائی پولیس کے افسر عمار الزبیری نے بتایا کہ تازہ رپورٹ کے مطابق ان دھماکوں میں چار افراد کے ہلاک اور 20 دیگر افراد کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے۔
مسٹر الزبیری نے ان دھماکوں میں ایک پولیس اہلکار کے مارے جانے جبکہ چار دیگر کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔سکیورٹی فورسز نے دھماکوں والے علاقوں کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو بند کر کے اس کی جانچ شروع کر دی ہے۔ ان دھماکوں کی ذمہ داری ابھی تک کسی بھی تنظیم نے نہیں لی ہے۔ واضح ر ہے کہ سنہ 2017 کے آخر میں عراقی سکیورٹی فورسز نے پورے ملک میں داعش کے دہشت گردوں کے مکمل طور پر خاتمے کا دعوی کیا جس کے بعد ملک میں سکیورٹی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔