عراق میں شام سے فرار ہو کر داخل ہونے والے زیرحراست دہشت گرد تنظیم داعش کے 900 خطرناک تکفیری دہشت گردوں کے خلاف عدالتی کارروائی شروع کردی گئی۔
عراق میں عدالتی ذرائع کا کہنا ہے کہ شامی ڈیموکریٹک فورسز نے مبینہ طورپر داعش کے 900 ’دہشت گردوں‘ کو عراقی حکام کے حوالے کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ہم نے شام سے آنے والے داعش کے تقریباً 900 دہشت گردوں کی تحقیقاتی دستاویزات وصول کرلی ہیں۔
عراقی ذرائع کا کہنا ہے کہ انسداد دہشت گردی پر مشتمل خصوصی عدالتیں قائم کردی گئی ہیں۔
اس حوالے سے مزید بتایا گیا کہ ’زیر حراست 900 دہشت گردوں میں داعش کے لیڈرز بھی شامل ہیں جن میں سے بعض کیمیائی حملوں میں بھی ملوث رہے ہیں۔
واضح رہے کہ عراق سے سیکڑوں مرد اور خواتین نے داعش میں شمولیت اختیار کی تھی اور ان کی گرفتاری عمل میں آنے کے بعد سزائے موت سنائی گئی۔
تفصیلات کے مطابق زیرحراست داعشی دہشت گردوں میں متعدد غیرملکی بھی شامل ہیں جن میں سے 12 کا تعلق فرانس سے بتایا جاتا ہے۔
خیال رہے کہ عراق پہلے بھی اپنی سرزمین سے داعش کا حصہ بننے والے سیکڑوں مرد اور خواتین کو سزائے موت دے چکا ہے۔