نئی دہلی : دہلی کی جانب سے رنجی میں کھیل رہے ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے میں ناکام رہے اور وہ چھ رنز پر آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔
راہل شرما نے آج یہاں ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے دہلی اور ریلوے کے درمیان رنجی میچ میں یش دھول (32) کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کرکے ریلوے کو دوسری کامیابی دلائی۔
اس کے بعد شائقین سے بھرا سٹیڈیم کوہلی کوہلی کے نعروں سے گونج اٹھا۔ حاضرین نے تالیوں سے کوہلی کا استقبال کیا۔ وراٹ کوہلی بیٹنگ کے لیے آئے اور 15 گیندوں کا سامنا کیا اور ایک چوکا لگایا۔ وہ پہلی اننگز میں محض چھ رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ انہیں فاسٹ بالر ہمانشو سنگوان نے بولڈ کیا۔
اسٹیڈیم میں وراٹ کے حوالے سے صورتحال یہ تھی کہ جیسے ہی وہ باہر نکلے وہاں خاموشی چھا گئی اور شائقین واپس لوٹنے لگے۔ بڑی توقعات کے ساتھ میچ دیکھنے اسٹیڈیم آنے والے شائقین کو مایوسی ہوئی۔ اس دوران میٹرو اسٹیشن پر بھیڑ جمع ہوگئی۔ لمبی قطاریں نظر آ نے لگیں۔
واضح رہے کہ وراٹ کوہلی گزشتہ کچھ عرصے سے خراب فارم کا سامنا کر رہے ہیں۔ وراٹ اپنی فارم کو دوبارہ حاصل کرنے کے لیے 12 سال بعد رنجی ٹرافی میں میدان میں اترے ہیں۔