آپ نے یہ جملہ تو ہر ایک سے سُنا ہوگا کہ روزانہ ایک سیب کھائیں اور ڈاکٹر سے دور رہیں، یہ بات حقیقت بھی ہے کہ سیب ایک ایسا پھل ہے جس میں صحت سے متعلق بے شمار فوائد موجود ہوتے ہیں، سیب کو ایک صحت مند ناشتہ بھی کہا جاتا ہے۔
ماہرین کہتے ہیں کہ سیب وزن کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوتا ہے اور یہ ہماری قلبی صحت کو فروغ دینے میں بھی معاون ثابت ہوتا ہے، سیب میں قدرتی طور پر فائبر، پوٹاشیم، کیلشیئم، میگنیشیم، فولیٹ، بیٹا کیروٹین، وٹامن سی اور وٹامن کے پائے جاتے ہیں۔
سیب کو نظام ہاضمہ کے مسائل کا ایک موثر علاج بھی سمجھا جاتا ہے اِس کے علاوہ یہ ہمیں ضروری غذائی اجزاء بھی فراہم کرتا ہے۔
نظام ہاضمہ کے عمل کو بہتر بنانا ہمارے لیے بہت ضروری ہوتا ہے کیونکہ اگر ہمارا نظام ہاضمہ بہتر طریقے سے کام نہیں کرے گا تو ہم ایک صحت مند زندگی نہیں گُزار سکیں گے، مضر صحت غذا اور خراب طرزِ زندگی ہمارے ہاضمے کے مسائل میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ایسے میں ماہرین کہتے ہیں کہ اگر آپ روزانہ ایک سیب کھائیں گے تو آپ نظام ہاضمہ کے مسائل سے دور رہ سکتے ہیں، سیب میں فائبر موجود ہوتا ہے جو ہماری آنتوں کو صاف کرتا ہے اور ہمیں قبض جیسے مسائل سے نجات دلاتا ہے۔
سیب ہمارے جسم میں موجود اُن اچھے بیکٹیریا کو بھی فروغ دیتا ہے جو عمل انہضام میں ایک اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آپ اپنا نظام ہاضمہ بہتر کرنے کے لیے سیب کو سبزیوں کی سلاد میں شامل کرکے بھی کھا سکتے ہیں اور اِس پھل کے بے شمار فوائد سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
سیب کھانے کے دیگر فوائد:
سیب آپ کے کولیسٹرل کی سطح کو بڑھنے سے روکتا ہے اور آپ کے دل کی صحت اچھی کرتا ہے۔
روزانہ سیب کھانے سے شوگر کا مرض لاحق ہونے کا خطرہ کم ہوتا ہے۔
سیب میں موجود اینٹی آکسیڈینٹ اور اینٹی سوزش آمیز مرکبات ہماری ہڈیوں کو مضبوط کرتے ہیں۔
سیب میں موجود فائبر کی وجہ سے ہمیں بھوک کم لگتی ہے اور وزن میں بھی کمی ہوتی ہے۔