استنبول؛ ترکی کے شہر استنبول کی تاریخی جامع مسجد ایا صوفیہ میں رمضان المبارک میں رونقیں بحا ہوگئی اور 88 سال کے بعد وہاں پہلی بار نماز تراویح ادا کی گئی۔ خبررساں اداروں کے مطابق ترک حکومت نے ملک میں رمضان المبار ک کے چاند کا اعلان کیا،جس کے بعد آج ترکی میں پہلا روزہ ہے۔ واضح رہے کہ مسجد کی تاریخی عمارت پہلے عجائب گھر کے طور پراستعمال ہورہی تھی ۔ اسے 2020 ء میں ترک صدر طیب اردوان نے دوبارہ مسجد میں تبدیل کر دیا تھا ، تاہم 2برسوں کے دوران کورونا وائرس کی وبا کے باعث نمازِ تراویح ادا نہیں کی جاسکی تھی۔
ایا صوفیہ مسجد کو مصطفی کمال پاشا اتاترک نے خلافت عثمانیہ کے خاتمے کے بعد 1934ء میں ایک عجائب گھر میں تبدیل کردیا تھا ۔ اس کے بعد ترکی کی عدالت نے جون 2020ء میں اس کی عجائب گھر کی حیثیت کالعدم قرار دے دی تھی۔ صدر رجب طیب اردوان نے اس کو دوبارہ مسجد میں تبدیل کرنے کا اعلان کیا تھا اور 24 جولائی 2020ء کو 86 سال کے بعد پہلی بار وہاں جمعہ کی نماز ادا کی گئی تھی۔نمازیوں میں خود ترک صدر بھی شامل تھے۔اس سے قبل یونیسکو نے 1985ء میں ایا صوفیہ کی عمارت کو عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیا تھا اور اسے عالمی مقامات کی فہرست میں شامل کیا تھا۔