سیول: جنوبی کوریا کی خفیہ ایجنسی نے انتباہ جاری کیا ہے کہ عراق و شام میں سرگرم شدت پسند تنظیم داعش نے دنیا بھر میں امریکا اور نیٹو کے تقریباً 77 فضائی اڈوں کی معلومات اکٹھی کرلی ہیں اور کارکنوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ انہیں نشانہ بنائیں۔
امریکی ٹی وی ’سی این این‘ کی رپورٹ کے مطابق کوریا کی نیشنل انٹیلی جنس سروس (این آئی ایس) نے اپنے بیان میں کہا کہ داعش نے اپنے کارکنوں کو حملے کے لیے 21 ممالک سے تعلق رکھنے والے متعدد افراد کی معلومات بھی جاری کی ہیں جن میں جنوبی کورین ویلفیئر آرگنائزیشن کا ایک ملازم بھی شامل ہے۔
ایجنسی کا کہنا ہے کہ مذکورہ شخص اب حفاظتی تحویل میں ہے، جبکہ داعش کی ہیکنگ تنظیم ’یونائیٹڈ سائبر خلافت‘ نے امریکی ایئرفورس یونٹس کی معلومات اکٹھی کی ہیں جن میں جنوبی کوریا کا اوسان ایئربیس بھی شامل ہے۔
اس کے علاوہ انہوں نے ان فضائی اڈوں کے ایڈریس اور گوگل سیٹلائٹ نقشے بھی ٹیلی گرام کے ذریعے جنگجوؤں تک پہنچادیے ہیں۔
اس سلسلے میں یو ایس فورسز کوریا (یو ایس ایف کے) نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکی تنصیبات کی سیکیورٹی اور سلامتی کو انتہائی سنجیدگی سے لیا جاتا ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ مسلسل نگرانی اور اپنے کورین ساتھیوں کے ساتھ مشترکہ مشقوں کے ذریعے ہم کسی بھی وقت ہر قسم کے حملے سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں.
یہ بھی پڑھیں: افغانستان: داعش کا حملہ،5 پولیس اہلکار ہلاک
واضح رہے کہ گزشتہ 5 برسوں کے دوران دہشت گرد تنظیموں سے روابط کے شبے میں، جنوبی کوریا سے 50 مشتبہ افراد کو ڈی پورٹ کیا جاچکا ہے۔
کورین خفیہ ایجنسی نے اپنے انتباہی بیان میں مزید کہا ہے کہ جنوبی کوریا میں مقامی اور غیر ملکی شہریوں پر دہشت گردوں کے حملے کی بات اب حقیقت بنتی جارہی ہے۔