علی گڑھ۔ : شہید قاسم سلیمانی اور ابو مہدی مہندس کی ایصالِ ثواب کے سلسلے میں بارگاہِ حسینی زہرہ باغ سول لائنس علی گڑھ میں ایک مجلس چہلم کا انعقاد عمل میں آیا جس میں کثیر تعداد میں لوگوں نے شرکت کرکے شہید قاسم سلیمانی اور شہید ابو مہدی المہندس اور ان کے ساتھیوں کے لئے ایصالِ ثواب کرتے ہوئے یہ پیغام دیا کہ زمین میں جہاں جہاں ظلم و تشدد برپا ہے اس کے خلاف آواز اٹھانا ہر صاحب ایمان کا فریضہ ہے۔
مجلس کو مولانا ابن حسن دہلوی نے خطاب کیا انھوں نے اپنی تقریر میں کہا کہ’’ اسلام ہر حال میں مظلوم کا ساتھ دینے کی دعوت دیتا ہے اور ظالم کے ظلم کی مخالفت پر آمادہ کرتا ہے۔مظلوم چاہے کسی قوم کسی قبیلے یا کسی مذہب کا ہو اس کی حمایت کرنا ہر مسلمان کا فریضہ ہے۔
ساتھ ہی اسلام تعلیم حاصل کرنے کا بھی پیغام دیتا ہے کیونکہ حقیقی ایمان عالم ہی کے پاس ہو سکتا ہے اور یہ علم ہی ہوتا ہے جس کے باعث اقوام ترقی کرتی ہیں اورملک ترقی کرتے ہیں۔ساتھ ہی اسلام شجاعت اور جواں مردی کی بھی تعلیم دیتا ہے۔ہم جب شہید قاسم سلیمانی کی طرف نگاہ کرتے ہیں تو ہمیں ان کے یہاں یہ تمام چیزیں پائی جاتی ہیں ۔ مرحوم بلا شبہ ایک شجاع،عالم،خوش مزاج اورنیک سیرت انسان تھے۔
ان کا کارنامہ یہ ہے کہ انھوں نے مختلف ممالک میں دہشت گردانہ فکر رکھنے والے افراد کے خلاف اقدام کئے اور نہ صرف بحرین، عراق وغیرہ میں اپنی کارفرمائیاں انجام دیں بلکہ سیریا کو بھی آی ایس آئی ایس سے آزاد کرایا ۔مرحوم کی ولادت ایران کے شہر کرمان میںایک عام گھرانے میں ہوئی لیکن انھوں نے اپنی محنت اور کاوش کے توسل سے ایران فوج میں ایک اہم مقام حاصل کیا مرحوم امام خمینی سے نہایت متاثر تھے وہ ان کے ساتھ ایران کے انقلاب میں پیش پیش رہے اور وہاں کی فوج قدس کے کمانڈر منتخب کئے گئے۔
انھوں نے ایران کی خارجہ پالسی کی ذمے داری بخوبی نبھائی۔ان کی شخصیت سے ان کا دشمن بھی متاثر تھا یہی وہی ہے کہ ان کو امریکہ کی جانب سے ایک حملے میں شہید کر دیا گیا لیکن مرحوم کی شخصیت سے نہ صرف ایرانی افراد بلکہ دنیا کے تمام ملک متاثر ہوئے یہی وجہ ہے کہ مرحوم کے جنازے میں ایک جم غفیر دیکھنے کو ملا جو اس بات کی شہادت پیش کرتا ہے کہ مرحوم عوام میں کتنے مقبول تھے۔ہم آج کی اس مجلس کے ذریعے سے یہ پیغام بھی دینا چاہتے ہیں کہ ہمیں چاہئے کہ ہم ہر طرح کے ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں۔
اور اپنی قوم و ملت میں اتحاد قائم کرتے ہوئے ساری دنیا کو انسانیت کا درس دیں ۔اس کے علاوہ ارشد نقوی،مولانا زاہدحسین رامپوری اورمولانا احمد مجلسی نے بھی سامعین کو خطاب کیا شہید قاسم سلیمانی کی .شخصیت اور ان کی زندگی پر روشنی ڈالی
مجلس میں سوز خوانی معروف سوز خواں منظر حسین شکوہ آبادی نے کی جب کہ نظامت کے فرائض راشد حسین عرف راجو نے انجام دئیے۔شرکاء میںمولانا سعید اختر کاظمی،مولانا نازش اختر،مولانا اکرام حسین جعفری،مولانا محمد تقی ،نادر نقوی،منور عباس نقوی، رئیس الحسن،ڈاکٹر شجاعت حسین وغیرہ وغیرہ پیش پیش رہے۔