سابق وزیراعظم عمران خان کو آج اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیش کیے جانے کا امکان ہے، عدالت کی جانب سے توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی پر حکم امتناع جاری کردیا گیا۔
گزشتہ روز سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے ان کی رہائی کا حکم دیا تھا اور انہیں آج اسلام ہائی کورٹ کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی تھی۔
رہائی کے احکامات پر عمران خان کی جانب سے بنی گالہ جانے کی اجازت دینے کی استدعا کے باوجود عدالت نے انہیں پولیس لائنز میں گیسٹ ہاؤس میں ٹھہرنے کی ہدایت بھی کی تھی۔
توشہ خانہ کیس
ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس میں فوجداری کارروائی پر حکم امتناع جاری کردیا۔
اس کے علاوہ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے اس کیس کو دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست پر بھی نوٹسز جاری کردیے۔
پی ٹی آئی کا ملک بھر میں مظاہروں کا منصوبہ
ادھر پی ٹی آئی نے چئیرمین تحریک انصاف عمران خان سے اظہار یکجہتی کے لیے ملک بھر سے کارکنوں کو اسلام آباد کے سیکٹر جی-13 میں سرینگر ہائی وے پر جمع ہونے کی کال دے رکھی ہے۔
ساتھ ہی بتایا گیا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد عمران خان اس مقام پر عوام سے خطاب کریں گے۔
دوسری جانب اسلام آباد پولیس نے ایک بیان میں کہا تھا کہ اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ العمل ہے، چنانچہ کسی بھی ریلی، اجتماع یا خطاب کی اجازت نہیں ہوگی۔