تل ابیب۔ اسرائیل کے وزیرٹرانسپورٹ یسرائیل کاٹز یروشلم کے قدیم شہر میں زیرزمین ریلوے ٹریک بنانا چاہتے ہیں اور مغربی دیوار کے قریب اسٹیشن کو ’ٹرمپ اسٹیشن‘ کا نام دینا چاہتے ہیں۔ یسرائیل کاٹز کا کہنا ہے کہ وہ امریکی صدر کے یروشلم کو اسرائیل کا دار الحکومت تسلیم کرنے کے حوالہ سے اعزاز دینا چاہتے ہیں۔ مغربی دیوار وہ مقدس ترین مقام ہے جہاں یہودیوں کو عبادت کی اجازت ہے۔
بی بی سی کے مطابق مجوزہ ٹرین ٹریک اورا سٹیشن تل ابیب سے آنے والی ہائی اسپیڈ ٹرین سے منسلک ہوگا اور آئندہ سال اس کا افتتاح متوقع ہے۔ واضح رہے کہ یروشلم میں اس کمپاؤنڈ کو مسلمان ’حرم الشریف‘ جبکہ یہودی’ ٹیمپل ماؤنٹ‘ کے نام سے جانتے ہیں۔ اس کمپاؤنڈ کی مغربی دیوار کے باہر اکثر یہودیوں کی عبادت میں مصروف تصاویر دیکھی جا سکتی ہیں۔ ماضی میں اس کے زیرزمین کام کرنے پر فلسطینیوں نے احتجاج کیا ہے۔ اقوام متحدہ نے یروشلم کے قدیم شہر اور اس کمپاؤنڈ کو عالمی ورثہ قرار دیا ہوا ہے۔
ایک مقامی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے یسرائیل کاٹز کا کہنا تھا کہ تل ابیب کی ٹرین لائن میں یہ اضافہ وزارت ٹرانسپورٹ کا اہم قومی پروجیکٹ ہے۔ واضح رہے کہ حال ہی میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد عالمی برادری نے اس فیصلے پر منفی ردعمل ظاہر کیا تھا۔ گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے وہ قرارداد منظور کرلی جس میں امریکہ سے کہا گیا ہے کہ وہ مقبوضہ بیت المقدس یا مشرقی یروشلم کو اسرائیل کا دارالحکومت تسلیم کرنے کا اعلان واپس لے۔قرارداد کے حق میں 128 ممالک نے ووٹ دیا، 35 نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا جبکہ نو نے اس قرارداد کی مخالفت کی۔
قرارداد کے متن میں کہا گیا ہے کہ شہر کی حیثیت کے بارے میں فیصلہ ‘باطل اور کالعدم’ ہے اس لیے اسے منسوخ کیا جائے۔