ذرائع نے بتایا کہ حماس اسرائیل کی طرف سے فضائی حملے بند ہونے کی یقین دہانی کی شرط پر راکٹ حملے بند کرنے کے لیے تیار ہے
بی بی سی کو ملنے والی اطلاعات کے مطابق مصری عسکری خفیہ ایجنسی کے حکام اسرائیل اور غزہ پٹی میں حماس کے درمیان امن قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
حالیہ دنوں میں غزہ سے جنوبی اسرائیل میں متعدد راکٹ فائر کیے گئے جس کے جواب میں اسرائیل نے فضائی بمباری کی۔
حماس کے ذرائع نے بی بی سی کو بتایا کہ حماس کے ساتھ ’قریبی رابطوں‘ کی وجہ سے مصری انٹیلی جنس حکام اسرائیل اور حماس کے درمیان صلح کرانے کی کوشش کر رہے ہیں اور کامیابی کی صورت میں دونوں کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے کا اعلان کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حماس اسرائیل کی طرف سے فضائی حملے بند ہونے کی یقین دہانی کی شرط پر راکٹ حملے بند کرنے کے لیے تیار ہے۔
یروشلم میں بی بی سی کے کیون کنولی کہتے ہیں کہ کشیدگی کی صورت میں مصری انٹیلی جنس حکام اسرائیل اور حماس کے درمیان رابطے کا کام کرتے ہیں۔
غزہ شہر میں بی بی سی کے نامہ نگار رشدی عبدالعوف کہتے ہیں کہ لگتا ہے کہ حماس اور مصر کے درمیان رابطوں کی وجہ سے حالات قابو میں آ رہے ہیں۔
انھوں نے کہا کہ جنوبی اسرائیل میں راکٹوں کے حملے بھی کم ہو گئے ہیں اور اسرائیل نے غزہ میں کوئی تازہ بم
اری بھی نہیں کی ہے۔
دریں اثنا مشرقی یروشلم میں نوجوان ابوخضیر کے جنازے سے پہلے شدید کشیدگی پائی جاتی ہے۔ اس سے پہلے فلسطینیوں نے محمد ابوخضیر کے اغوا اور قتل کے خلاف دو دن تک جاری احتجاج کے دوران پولیس اور مظاہرین کے دوران جھڑپیں ہوئیں۔
“حماس اور مصر کے درمیان رابطوں کی وجہ سے حالات قابو میں آ رہے ہیں۔”
بی بی سی کے نامہ نگار رشدی عبدالعوف
فلسطینیوں نے دعویٰ کیا ہے کہ خضیر کا قتل تین اسرائیلی نوجوانوں کے قتل کا بدلہ تھا جبکہ اسرائیلی حکام اس کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ بدھ کے روز 17 سالہ محمد ابوخضیر کے قتل کی فلسطینی اور اسرائیلی دونوں ہی حکام نے مذمت کی تھی۔
اس سے پہلے فلسطین کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے بعد اسرائیل نے غزہ کی پٹی کے ساتھ اپنی سرحد پر اضافی فوج تعینات کر دی تھی۔
اسرائیل کا کہنا تھا کہ غزہ سے کیے جانے والے فلسطینی شدت پسندوں کے راکٹ حملوں کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
یاد رہے کہ حال ہی میں تین مغوی اسرائیلی نوجوانوں کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد اسرائیلی وزیرِ اعظم نے کہا تھا کہ حماس کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی جبکہ حماس کا کہنا تھا کہ ان کے خلاف کارروائی سے ’دوزخ کے دروازے کھل جائیں گے۔