فلسطینی عوام نے مسلسل چھٹے جمعے کو بھی واپسی مارچ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے غزہ اور مقبوضہ فلسطین کی سرحدوں پر اجتماع کیا اور اپنی واپسی کے جائز اور قانونی حق پر زور دیا۔
ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق فلسطین کی وزارت صحت نے آج کہا کہ اسرائیلی فوجیوں نے واپسی مارچ میں شریک پرامن فلسطینیوں کو جان لیوا گولیوں کا نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں1143 فلسطینی زخمی ہوگئے جن میں سے83 فلسطینی براہ راست فائرنگ سے زخمی ہوئے۔ جبکہ آنسو گیس کے گولوں کی زد میں آکر درجنوں فلسطینیوں کی حالت غیر ہوگئی۔
صیہونی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ غزہ کی پٹی میں واپسی مارچ کی تصویریں بنانے والے اسرائیل کے دو جاسوس طیاروں کو سرنگوں کردیا گیا ہے۔
امریکہ اور خطے کے بعض عرب ممالک کے سازشی منصوبے سینچری ڈیل کے خلاف تیس مارچ سے شروع ہونے والے فلسطینیوں کے واپسی مارچ پر اسرائیلی فوجیوں کی وحشیانہ فائرنگ میں اب تک پچاس سے زائد فلسطینی شہید اور آٹھ ہزار کے قریب زخمی ہوئے ہیں۔