غزہ /تل ابیب /بیروت صیہونی فوج شمالی غزہ کے علاقے شجاعیہ پر وحشیانہ حملہ آور ہوگئی۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں شجاعیہ پر چڑھائی کرتے ہوئے رہائشی علاقوں پر بمباری کردی جس سے مزید 50 سے زاید فلسطینی شہید ہوگئے جسکے بعد ہزاروں فلسطینی ایک بار پھر جبری نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔ دوسری جانب صیہونی میڈیا کا دعویٰ ہے کہ اسرائیل نے یہ حملہ شجاعیہ میں القسام بریگیڈ کے مجاہدین کی واپسی کی اطلاع ملنے کے بعد کیا۔ادھر فلسطینی مزاحمتی گروپوں نے بھی اسرائیلی فوج پر راکٹوں اور بارودی سرنگوں سے حملے کردیے جس کے نتیجے میں کئی اسرائیلی ٹینک تباہ ہوگئے۔
اسرائیل نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی تمام حدوں کو پار کرتے ہوئے نصیرت اور بوریج پناہ گزین کیمپوں میں زخمی فلسطینیوں کو طبی امداد فراہم کرنے والے رضاکاروں پر حملہ کردیا۔عرب میڈیا کے مطابق نصیرت پناہ گزین کیمپ میں اسرائیلی بمباری میں زخمی ہونے والے بے گھر فلسطینیوں کا شہری دفاع کے طبی رضاکار علاج کر رہے تھے اور اس دوران اسرائیلی فوج نے بمباری کردی جس میں شہری دفاع کے 4 رضاکار شہید اور 12 زخمی ہوگئے جن میں سے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف شامل ہیں‘ اسی طرح بوریج پناہ گزین کیمپ میں بھی اسرائیلی فوج نے طبی رضاکاروں کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں 3 اہلکار شہید ہوگئے۔
لبنان کے جنوبی شہر البقاع میں اسرائیل نے ڈرون حملے میں ایک موٹر سائیکل کو تباہ کردیا۔ عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ نے اپنے 2 کمانڈرز کی شہادت کے بعد جوابی کارروائی میں لبنان کی سرحد سے صیہونی ریاست کے اندر اسرائیلی فوج کے مرکز کو میزائل حملوں کا نشانہ بنایا۔قبل ازیں اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا تھا کہ ڈرون حملے میں ایک موٹر سائیکل کو نشانہ بنایا جس میں سوار حزب اللہ کے 2 کمانڈرز ہلاک ہوگئے۔دوسری جانب حزب اللہ کا کہنا تھا کہ موٹر سائیکل پر حملے میں شہید ہونے والے جانباز علی احمد علاالدین ہیں جب کہ دوسرے زخمی جنگجو کی حالت خطرے سے باہر ہے۔حزب اللہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان کے قصبے ‘‘حداثا’’ میں اسرائیل کے ایک فضائی حملے میں ایک اور جانباز شہید ہوگیا۔
جس کے جواب میں اسرائیلی علاقے بالائی الجلیل کی طرف درجنوں راکٹ داغے۔غیر ملکی اخبار ’’فنانشل ٹائمز‘‘ نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی فوج، حزب اللہ کے اہداف کو نشانہ بنانے کے لیے ممنوعہ سفید فاسفورس کے گولے استعمال کر رہی ہے۔