مقبوضۃ بیت المقدس:اسرائیلی فوج کی جارحیت سے انسانیت بھی شرم سار ہو گئی۔ صہیونی اہل کاروں نے فلسطینیوں کی قبریں بھی اجاڑ دیں، اس دوران کئی لاشیں بھی غائب کردی گئیں۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق غزہ کے علاقوں میں قابض اسرائیلی فوج نےفلسطینیوں کی2 ہزار سے زیادہ قبریں اجاڑ دیں اور ان میں سے بیشتر سے لاشیں بھی غائب کردی گئیں۔صہیونی فوج کی دہشت گردی سے غزہ کا کوئی علاقہ محفوظ نہیں، آبادیاں بمباری کے نتیجے میں تباہ ہونے کے بعد فلسطینی اپنے پیاروں کی لاشیں اسکولوں، اسپتالوں اور دیگر پناہ کے مقامات پر ہی دفنانے پر مجبور ہیں۔
اس دوران اسرائیلی فوج نے فلسطینیوں کی قبروں کو اکھاڑ کر وہاں سے لاشیں نکال کر غائب کردیں۔مقامی ذرائع کے مطابق اسرائیلی فوج نے تقریبا 2 ہزار لسطینیوں کی لاشیں غائب کردی ہیں۔ ایک فوٹو گرافر نے غزہ شہر کے الطفہ ضلع میں فلسطینیوں کی قبروں سے نکالی ہوئی کفن پوش لاشوں کی تصاویر شیئر کی ہیں۔ ان قبروں پر اسرائیلی فوج نے بلڈوزر چلائے تھے۔
اسرائیل کی فوج نے قبرستانوں کو بلڈوز کرنے کے بارے میں فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تاہم قبروں کی تلاشی پر انہوں نے جواب دیا کہ اسرائیلی یرغمالیوں کی لاشیں دفن ہونے کے شبہے میں کچھ مقامات پر قبروں سے لاشیں نکالی تھیں۔