خبری ذرائع نے حزب اللہ لبنان کے فیلڈ کمانڈر شہید وسام الطویل کے جنازے کی جگہ پر صیہونی حکومت کے ڈرون حملے کی اطلاع دی ہے۔
تسنیم نیوز کی رپورٹ کے مطابق، خبر رساں ذرائع نے آج منگل کو حزب اللہ لبنان کے فیلڈ کمانڈر شہید وسام حسن الطویل کے جنازے کے قریب صیہونی حکومت کے ڈرون حملے کی خبر دی ہے۔ یہ حملہ خربۃ سلم علاقے میں کیا گیا۔
شائع شدہ اطلاعات کے مطابق صیہونی حکومت نے شہید کے بھائی کے گھر کے قریب دو راکٹ فائر کئے۔
گزشتہ روز ڈرون حملے میں شہید ہونے والے حزب اللہ کے کمانڈر شہید حسن الطویل کے جنازے کی تیاری کے دوران اسرائیلی حکومت کے ڈرونز نے ایک اور کار کو نشانہ بنایا۔
شائع شدہ تصاویر اور ویڈیوز کے مطابق اس کار میں آگ لگ گئی ہے۔
خبر رساں ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ جنوبی لبنان کے قصبے خربہ سالم میں حزب اللہ کے کمانڈر شہید حسن الطویل کی نماز جنازہ پر ہونے حملے میں 4 افراد زخمی ہوئے۔ بعض ذرائع نے اس حملے میں ایک شخص کے شہید اور دو کے زخمی ہونے کی اطلاع دی ہے۔
قبل ازیں خبر رساں ادارے روئٹرز نے دعویٰ کیا تھا کہ لبنان کے جنوب میں واقع علاقے “الغندورہ” میں ایک گاڑی پر اسرائیلی فوج کے ڈرون حملے میں حزب اللہ کے تین مجاہدین شہید ہو گئے۔ حزب اللہ نے ابھی تک اس خبر اور دعوے پر ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے۔