جینوا: اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے فلسطین فرانسسکا البانیز نے غزہ جنگ پر رپورٹ جاری کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیل غزہ کو تباہ کرنے کے لیے 2جوہری بموں کے برابر 27 ہزار ٹن بارود استعمال کرچکا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی برائے فلسطین فرانسسکا البانیز نے غزہ جنگ پر رپورٹ میں مزید بتایا کہ اسرائیل 7اکتوبر 2023 سے اب تک غزہ میں 32 ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کرچکا ہے، 12ہزار فلسطینی تباہ عمارتوں کے ملبے تلے لاپتہ ہیں، جنہیں مردہ تصور کیا جارہاہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ غزہ میں خوراک کی کمی اور غذائی قلت کے باعث یومیہ 17بچے شہید ہورہے ہیں، ادویات نہ ہونے کی وجہ سے زخمیوں کی ایک بڑی تعداد بھی موت سے جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوجاتے ہیں۔