اسرائیلی فوج نے تقریباً 3 ہفتوں کے دوران 224 حملے کیے جن میں رہائشی عمارتوں اور عالمی سطح پر بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا: رپورٹ/ فائل فوٹو اقوام متحدہ نے انکشاف کیا ہےکہ اسرائیل نے متعدد حملوں میں صرف خواتین اور بچوں کو ہی نشانہ بناکر قتل کیا۔
خلیجی میڈیا رپورٹس کے مطابق اقوام متحدہ کے تفتیش کاروں نے اس بات کا انکشاف کیا ہےکہ 18 مارچ سے 9 اپریل کے دوران کم از کم 36 اسرائیلی حملوں میں صرف خواتین اور بچوں کو قتل کیا گیا ہے۔
رپورٹس میں بتایا گیا ہےکہ اسرائیلی فوج نے تقریباً 3 ہفتوں کے دوران 224 حملے کیے جن میں رہائشی عمارتوں اور عالمی سطح پر بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا۔
اس کے علاوہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر کا کہنا ہےکہ اسرائیل کے کُل 36 حملوں میں صرف خواتین اور بچوں کی ہلاکتیں سامنے آئی ہیں۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ رات بھی اسرائیلی فوج نے رات گئے غزہ پر حملے کیے جس میں غزہ پٹی کے شمالی علاقے کو نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں 2 فلسطینی شہید ہوئے۔
دوسری جانب ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے غزہ میں عام شہریوں کے قتل عام پر سخت ردعمل میں کہا کہ اگر یہ بربریت نہیں ہے تو میں آپ سے پوچھتا ہوں یہ کیا ہے؟