مقبوضہ بیت المقدس ؛اسرائیلی فوج نے فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہروں الخلیل اور بیت لحم میں فلسطینیوں کے 9مکانات مسمار کردیے۔ کارروائی کے دوران صہیونی بلدیہ کے بلڈوزروںنے فلسطینیوں کی زرعی اراضی اور مویشیوں کے باڑے بھی تباہ کیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق اسرائیلی فوج نے جنوبی الخلیل میں مسافر یطا کے مقام پر فلسطینیوں کے گھروں کی مسماری کی مہم شروع کی ۔
عینی شاہدین نے بتایا کہ قابض فوج نے مسافر یطا میں توانہ، مرکزم اور فخیت میں فلسطینیوں کے گھر مسمار کیے۔ گزشتہ ہفتے اسرائیل کی سپریم کورٹ نے جنوبی الخلیل کے علاقے مسافر یطا میں فلسطینیوں کی 12 رہایشی بستیوں میں بسنے والے فلسطینیوں کے مکان مسمار کرنے اور انہیں وہاں سے بے دخل کرنے کے حق میں فیصلہ دیا تھا۔
دوسری جانب امریکی ارکان کانگریس نے فلسطینی خاتون صحافی شیرین ابو عاقلہ کے قتل کی ذمے داری اسرائیل پر عائد کردتے ہوئے عالمی سطح پر تحقیقات کا مطالبہ کردیا۔ ارکان نے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کرکے سوگ منایا۔