مقبوضہ بیت المقدس؛اسرائیلی فوج نے باب دمشق کے علاقے سے کارروائیوں کے دوران 33 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق صہیونی فوج نے باب دمشق میں آپریشن کے دوران بچوں کو بھی تشدد کا نشانہ بنایا۔ قابض حکام نے مقبوضہ بیت المقدس کے مغرب میں مسکوبیہ میں ایک تحقیقاتی یونٹ قائم کیا ،جہاں زیر حراست افراد کو تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔
باب دمشق اور اس کے آس پاس کے زیر حراست افراد سے پوچھ گچھ کے لیے اسی سیل میں لایا جاتا ہے۔ حراست میں لیے گئے زیادہ بچے ہیں اور چند نوجوانوں کے سوا باقی سب کی حراست میں توسیع کر دی گئی ہے،جب کہ چند ایک کو مشروط طورپر رہا کیا گیا ہے۔دوسری جانب اسرائیلی وزیر داخلہ امر بار لیو نے آبادکاروں کو نقصان پہنچانے والوں کو سزائے موت کا مطالبہ کردیا۔ عبرانی چینل14نے بتایا کہ بنی براک آپریشن میں مارے جانے والے ایک پولیس اہلکار کے گھر کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ فلسطینی جنگجو ناقابل معافی ہیں، انہیں گرفتار کر کے قتل کیا جانا چاہیے۔