اسرائیلی میڈیا کے مطابق وزیراعظم بن یامین نیتن یاہو نے موساد کے سربراہ ڈیوڈ برنیع اور دیگر اعلیٰ حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ بیرون ملک پرتشدد واقعات کو روکنے کےلیے ایک منصوبہ تیار کریں۔
ایمسٹرڈیم میں ہونے والے یوروپا لیگ کے میچ کے دوران اسرائیلی فٹ بال شائقین پر حملہ ہوا تھا، جس میں 11 اسرائیلی زخمی ہوگئے۔
اسرائیلی وزیراعظم کے دفتر پر نیتن یاہو کے قریبی ساتھیوں کی حساس ویڈیوز جمع کرنے کا الزام
واقعے کے بعد اسرائیلی وزیراعظم نے ایک بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ میں نے موساد کے سربراہ اور دیگر حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ نئی صورت حال کے لیے ہماری تیاری، الرٹ سسٹم اور تنظیم کو بہتر کریں۔
واضح رہے کہ ایمسٹرڈم میں ہونے والی یوروپا لیگ میں نیدرلینڈز کے فٹبال کلب ایجیکس اور اسرائیلی فٹبال کلب تل ابیبی کی ٹیم کے درمیان میچ کے بعد فلسطینی حامی مظاہرین اور اسرائیلی شائقین کے درمیان پرتشدد جھڑپیں ہوئی ہیں۔
میچ کے بعد ہنگامہ آرائی اس وقت شروع ہوئی جب ایمسٹرڈیم میں اسرائیلی فٹبال شائقین نے عرب مخالف اور غزہ کے بچوں کے خلاف نفرت انگیز نعرے بازی کی۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فٹبال شائقین نے فلسطینی پرچم کی بے حرمتی کی تو جھگڑا شروع ہوا۔
خیال رہے کہ ایمسٹرڈیم اسٹیڈیم میں فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کرنے پر پابندی تھی۔
ایمسٹرڈیم اسٹیڈیم میں خاموشی کے اعلان پر اسرائیلی شائقین نے عرب مخالف ترانے پڑھے۔ اسرائیلی شائقین نے ایمسٹرڈیم کے عرب ٹیکسی ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بھی بنایا۔