اسرائیلی سپر ماڈل و معروف اداکارہ 35 سالہ بار رفائلی کو عدالت نے ٹیکس چوری کا الزام ثابت ہونے پر والدہ سمیت سزا سنادی۔خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق تل ابیب کی عدالت نے سپر ماڈل کی پلی بارگین کی درخواست قبول کرتے ہوئے انہیں ٹیکس ادائیگی سے بچنے اور چوری کے الزام ثابت ہونے پر سزا سنادی۔

عدالت نے ماڈل کو 9 ماہ تک کمیونٹی سروس کی سزا سنائی جب کہ ان کی والدہ کو عدالت نے 16 ماہ تک جیل بھیج دیا۔
بار رفائلی اور ان کی والدہ پر الزام تھا کہ انہوں نے 2009 سے 2012 تک ٹیکس ادائیگی نہیں کی اور انہوں نے اپنی کمائی بھی خفیہ رکھی۔
سپر ماڈل پر مجموعی طور پر 72 لاکھ امریکی ڈالر کی ٹیکس چوری کا الزام تھا اور ان کے خلاف گزشتہ کئی ماہ سے قانونی کارروائی جاری تھی۔
بار رفائلی اور ان کی والدہ کے خلاف جولائی میں ٹیکس چوری کا الزام ثابت ہوا تھا، جس کے بعد سپر ماڈل اور ان کی والدہ نے ٹیکس حکام کو قانونی طریقے سے پلی بارگین کی اپیل کی تھی۔
عدالت نے ان کی پلی بارگین کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں کو سزائیں اور جرمانہ سنا دیا۔
عدالت نے ماں اور بیٹی پر علیحدہ علیحدہ ساڑھے 7 لاکھ ڈالر تک جرمانہ بھی عائد کیا اور انہیں 2009 سے 2012 تک ادا نہ کی گئی ٹیکس بھی ادا کرنے کا حکم دیا۔









