صیہونی دہشتگردوں نے غزہ میں دو رہائشی عمارتوں پر بمباری کر کے کم از کم چار فلسطینیوں کو شہید اور متعدد کو زخمی کر دیا۔ غزہ کے طبی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس حملے میں کم از کم چار فلسطینی شہید ہوئے ہیں جن میں دو خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ صیہونیوں کی اس دہشتگردی میں متعدد کے زخمی ہونے کی بھی خبر ہے۔
شمالی غزہ سے ایک اور خبر یہ کہ صیہونی دہشتگردوں نے کمال عدوان اسپتال کے آئی سی یو یونٹ کے دائریکٹر ڈاکٹر زیاد الکحلوت کو فضائی بمباری کر کے شہید کر دیا۔
غزہ کے طبی ذرائع کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران صیہونی دہشتگردوں نے کم از کم بیالیس فلسطینیوں کو شہید کیا ہے جن میں سے سینتیس افراد غزہ کےجنوبی اور مرکزی علاقے میں شہید ہوئے جبکہ غزہ میں شہید ہونے والے ڈاکٹروں، نرسوں اور پیرامیڈکس کے افراد کی تعداد ایک ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔
دوسری جانب فلسطین کے مغربی کنارے سے اطلاعات ہیں کہ مزاحمتی تنظیموں کے جوانوں نے صیہونی فوجیوں اور غاصب آبادکاروں کے خلاف چوبیس گھنٹوں کے دوران کم از کم بارہ کارروائیاں انجام دی ہیں۔ مسلحانہ جھڑپیں، فائرنگ، راستے میں فٹ کر کے دو بم دھماکے، آمنے سامنے کی جھڑپ اور پتھراؤ یہ وہ اقدامات ہیں جو فلسطینی جوانوں نے غاصب صیہونیوں کے خلاف غرب اردن میں انجام دئے۔