دمشق ؛اسرائیل نے شام کے جنوبی صوبے قنیطرہ پر میزائل حملہ کردیا۔ خبررساں اداروں کے مطابق دیہی علاقے میں ہونے والے حملے میں حزب اللہ ملیشیا کے زیر استعمال ایک ٹھکانے کو نشانہ بنایا گیا۔ شامی مبصر برائے انسانی حقوق کی رپورٹ کے مطابق کارروائی میں صرف مادی نقصان ہوا۔ ادھر اسرائیلی فوج نے کارروائی پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔
واضح رہے کہ اسرائیل کئی برس سے شام میں حملے کر رہا ہے،تاہم صہیونی حکومت بہت کم ان حملوں کا اعتراف کرتی ہے ۔ انسانی حقوق کے نگراں گروپ المرصد کے مطابق چند روز قبل دارالحکومت دمشق کے اطراف ہونے والے اسرائیلی حملے میں 9 افراد مارے گئے تھے جن میں 5 اسدی فوجی تھے۔ شامی سرکاری میڈیا میں ہلاکتوں کی تعداد 4 اہل کاروں تک محدود رکھی گئی تھی۔ دوسری جانب امریکی محکمہ خارجہ نے شام کے لیے انسانی امداد کی اب تک کی سب سے بڑی رقم 80کروڑ ڈالر کے پیکیج کا اعلان کردیا۔
شام سے متعلق برسلز میں چھٹی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے کہ امریکا شام میں جنگ کے متاثرین کی مدد جاری رکھنے کے لیے شامی عوام کو 80کروڑ ڈالر سے زیادہ کی انسانی امداد فراہم کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ 10 سال سے جاری ہے اور شامی شہری مشکلات کا شکار ہیں۔ خانہ جنگی سے متاثرہ علاقوں میں طبی سہولیات کا فقدان ہے اور لوگ بھوک سے مررہے ہیں۔