برطانوی شہزادہ ولیم کے غزہ میں جنگ بندی کے مطالبے پر اسرائیلی حکومت نے اپنا ردِعمل دے دیا۔ شہزادہ ولیم کے جنگ بندی کے مطالبے پر اسرائیلی حکومت کے ترجمان ایلون لیوی کا کہنا ہے کہ اسرائیل بھی یہ لڑائی جلد از جلد اس جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے لیکن یہ اس وقت ممکن ہے جب 134 یرغمالی رہا ہوجائیں گے اور حماس کا خاتمہ ہوجائے گا۔
اُنہوں نے شہزادہ ولیم کے یرغمالیوں کی رہائی کے مطالبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ اسرائیل شہزادہ ولیم کے 11 اکتوبر کو دیے گئے بیان پر بھی ان کا مشکور ہے جس میں اُنہوں نے حماس کے اسرائیل پر حملوں کی مذمت کی تھی اور ان حملوں کے خلاف اسرائیل کے حقِ دفاع کی توثیق کی تھی۔
واضح رہے کہ شہزادہ ولیم نے اپنے حالیہ بیان میں7 اکتوبر 2023ء سے غزہ میں جاری جنگ کی وجہ سے ہونے والے جانی نقصان پر شدید فکر مندی کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کا مطالبہ کردیا ہے۔
سیاسی معاملات میں برطانوی شاہی خاندان کے کسی فرد کا بیان سامنے آنا ایک غیر معمولی بات ہے۔