بولی وڈ انڈسٹری میں اقربا پروری پر بحث کا آغاز اس وقت ہوا جب اداکارہ کنگنا رناوٹ نے ہدایت کار کرن جوہر کے شو پر آکر ان پر اقرباءپروری کرنے کا الزام عائد کیا تھا اور اب اداکارہ پریتی زنٹا نے بھی اس معاملے پر اپنی رائے کا اظہار کردیا ہے۔
تاہم بولی وڈ میں اپنی محنت سے نام کمانے والی پریتی کا ماننا ہے کہ اقرباء پروری انڈسٹری میں ہمیشہ سے ہوتی آرہی ہے کیوں کہ پر والدین ہی اپنی اولاد کے آگے بڑھنے کے لیے اس کی مدد کرتے ہیں۔
اداکارہ کا یہ بھی ماننا ہے کہ انٹرٹینمنٹ انڈسٹری میں اقربا پروری کے برعکس ان ہی اداکاروں کا نام زیادہ رہا جنہوں نے اپنی محنت سے بلند مقام حاصل کیا، پھر چاہے وہ کہیں سے بھی بولی وڈ میں آئے ہوں۔
انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اداکار کا اپنے انٹرویو میں کہنا تھا کہ ’والدین تو ہمیشہ سے اپنے بچوں کی مدد کرتے آرہے ہیں، اقربا پروری تو ہمیشہ سے ہورہی ہے، لیکن پھر ایسے بھی اسٹارز موجود ہیں جن کا تعلق انڈسٹری سے نہیں لیکن وہ سپر اسٹارز بن چکے ہیں، ان میں شاہ رخ خان، اکشے کمار، ایشوریا رائے بچن اور دپیکا پڈوکون جیسے نام سامنے آتے ہیں‘۔
انہوں نے کہا کہ ’اقربا پروری ہمیشہ سے تھی اور ہمیشہ ہوتی رہے گی اور اسے تبدیل نہیں کیا جاسکتا‘۔
43 سالہ پریتی کا اپنے کیریئر سے متعلق کہنا تھا کہ ’جب میں چھوٹی تھی تو میرے والد کا انتقال ہوگیا، میں ہمیشہ سے مالی طور پر مستحکم ہونا چاہتی تھی‘۔
اداکار کے مطابق جب انہوں نے بولی وڈ میں قدم رکھا تو انہیں سینما کے حوالے سے کوئی علم نہیں تھا، لیکن انہیں اس بات پر یقین تھا کہ ان کی محنت یقیناً انہیں آگے لے کر جائے گی‘۔
پریتی کا کہنا تھا کہ ’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں ایک بڑی اداکارہ بنوں گی، میرے لیے یہ ناممکن تھا، تب میں نے یہ بھی سوچا کہ میں تب تک کام کروں گی جب تک اس کے لیے پرجوش رہوں گی‘۔