نئی دہلی، 27 جون (یو این آئی) صدرجمہوریہ ہند دروپدی مرمو نے کہا ہے کہ حکومت سماجی ترقی کے منصوبوں کو مربوط کر رہی ہے اور خاص طور پر خواتین کو ترقی کے عمل میں شراکت دار بنانے پر زور دے رہی ہے۔
محترمہ مرمو آج پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت غریبوں کے لیے کام کر رہی ہے اور ان کی سماجی اور اقتصادی ترقی کے ساتھ ساتھ ان کے طرز زندگی میں تبدیلیاں لا رہی ہے۔ غریبوں کو مفت راشن اور طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔
صدرجمہوریہ نے کہا کہ حکومت قدرتی کاشتکاری کو فروغ دےرہی ہے اور توانائی کے تحفظ کے لیے گرین انرجی کے شعبے میں آگے بڑھ رہی ہے۔ حکومت جدید معیارات کو بڑھا رہی ہے تاکہ ہندوستان ترقی یافتہ ممالک کا مقابلہ کر سکے۔
بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے لیے سڑکیں تیز رفتاری سے تعمیر کی جا رہی ہیں۔ حکومت شمال مشرقی ریاستوں میں ترقیاتی کاموں کو تیزی سے آگے بڑھانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ وہاں بنیادی ڈھانچے کی ترقی کو بڑھایا جا رہا ہے اور امن برقرار رکھنے کی مسلسل کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈرونز کو فروغ دیا جا رہا ہے اور ڈرون پائلٹس کے شعبے میں خواتین کو خصوصی تربیت دی جا رہی ہے۔ خواتین کی خصوصی طور پر حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے کہ وہ ترقی میں مساوی شراکت دار بنیں اور اس عمل میں ہر شعبے میں قائدانہ کردار ادا کریں۔
صدرجمہوریہ ہند نے کہا کہ حکومت سب کی ترقی کے لیے کام کر رہی ہے۔ اس بات پر توجہ دی جارہی ہے کہ کوئی بھی ترقیاتی عمل سے محروم نہ رہے۔ اسی کا نتیجہ ہے کہ اب تک حکومت 25 کروڑ لوگوں کو غربت سے باہر نکال چکی ہے۔