لکھنؤ: بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو مایاوتی نے یوگی حکومت کی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اترپردیش حکومت ضمنی انتخابات میں فائدہ حاصل کرنے کے لئے ریاست کی 17 او بی سی ذاتوں کو ایس سی میں شامل کرنے کا ناٹک کرر ہی ہے۔
بی ایس پی نے پیر کو یہاں جاری اپنے بیان میں کہا کہ یوگی حکومت کا ریاست کی 17 ذاتوں کو شیڈول کاسٹ میں شامل کرنا پوری طرح سے غیرقانونی اور غیر آئینی ہے۔ جب حکومت جانتی ہے کہ ان 17 ذاتوں کو ایس سی سماج کا فائدہ نہیں مل سکتا تو حکومت نے ایسا فیصلہ کیوں کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے صاف ہے کہ یوگی حکومت نے ایس پی حکومت کی طرح ان 17 طبقات کو دھوکہ دینے کے لئے ایسا حکم نامہ جاری کیا ہے۔
https://twitter.com/ANINewsUP/status/1145568707252576257
محترمہ مایاوتی نے کہا کہ اگر ایسا کیا جانا ہے تو پہلے ایس سی سماج کا کوٹہ بڑھایا جائے جس سے کہ کوٹے میں شامل ہوئیں 17 نئی او بی سی ذاتوں کو اس کا فائدہ مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ 17 پسماندہ طبقات کے افراد کے ساتھ بڑا دھوکہ ہے۔ اس فیصلے سے 17 ذاتوں کو ایس سی سماج کو حاصل مراعات نہیں ملیں گی کیونکہ کوئی بھی ریاستی حکومت انہیں اپنے حکم نامے کی بدولت کسی بھی زمرے میں نہیں ڈال سکتی ہے یا انہیں نہیں ہٹا سکتی ہے۔