جموں (عامر تانترے) : جموں و کشمیر کے سانبہ ضلع میں ایک فوجی یونٹ کے اندر گولی لگنے کے بعد ایک جونیئر کمیشنڈ آفیسر (جے سی او) زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔
تفصیلات بتاتے ہوئے، جموں کے ایک دفاعی ترجمان نے کہا کہ، “سانبہ میں آرمی یونٹ کے ایک جے سی او جموں میں ڈیوٹی کے دوران گولی لگنے سے زخمی ہوا اور بدقسمتی سے ڈیوٹی کے دوران زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ، “اس معاملے میں، دہشت گردی کے زاویے کو مسترد کر دیا گیا ہے۔ واقعے کی تفتیش جاری ہے، اور حقائق کا پتہ لگانے کے بعد مزید تفصیلات شیئر کی جائیں گی۔”
ضلع سانبہ بین الاقوامی سرحد (آئی بی) کے قریب واقع ہے جہاں فوج کی دوسری لائن آف ڈیفنس ہے۔ بین الاقوامی سرحد بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کے زیر انتظام ہے۔
واضح رہے، جولائی 2025 کو جموں میں سانبہ ضلع کے سرحدی علاقے مالو چک، رام گڑھ میں بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کا ایک جوان ایک افسوسناک حادثے کا شکار ہوکر ہلاک ہو گیا تھا۔
26سالہ بی ایس ایف اہلکار کانسٹیبل مردل کمار داس، جو مغربی بنگال کا رہائشی تھا، اپنی سروس رائفل سے حادثاتی طور فائر ہونے والی گولی سے شدید زخمی ہو گیا تھا۔ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی اس کی موت واقع ہو چکی تھی