نئی دہلی ، 22 جون (یو این آئی) پروفیسر محمد افسر عالم ، وائس چانسلر جامعہ ہمدرد نے کہا ہے کہ یونیورسٹی کے بانی حکیم عبد الحمید کے خوابوں کو پورا کرتے ہوئے یونیورسٹی کو تعلیم و تحقیق میں سرخیل بناکر’ نیشنل اسسمینٹ ینڈ ایکریڈیشن کونسل‘ (این اے اے سی) سے اعلیٰ گریڈ حاصل کرنا ان کا ہدف ہے
جامعہ ہمدرد کے نومنتخب وائس چانسلر پروفیسر افسرعالم نے منگل کے روز ’یواین آئی ‘ سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ یونیورسٹی کورونا وائرس سے پیدا ہونے والے چیلنجوں کے باوجود اپنا تعلیمی پروگرام آسانی سے چلانے میں کامیاب رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ان کی پہلی ترجیح یونیورسٹی کے لئے این اے اے سی میں اے + گریڈ حاصل کرنا ہے اور اس کے لئے ان کی تیاری کے لئے ایک سال کا وقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی میں ڈینٹل کالج قائم کرنے کا بھی منصوبہ ہے۔
نئی تعلیمی پالیسی کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے تعلیم کے معیار میں اضافہ ہوگا۔ نئی تعلیمی پالیسی کے تحت جامعہ ہمدرد مختلف کورسوں میں مختلف مضامین کے لئے ملٹی انٹری اور ملٹی ایکزٹ سسٹم پر کام کررہی ہے۔
کورسز کو کثیر الشعبہ بنانے کے لئے تیز رفتاری سے کام جاری ہے تاکہ نئی تعلیمی پالیسی کے مختلف پہلوؤں کو عملی جامہ پہنانے میں آسان ہوسکے۔
یہ پالیسی بچوں کی صلاحیتوں کو بہتر بنانے اورکتابی علم کے ساتھ عملی علم کے حصول میں بھی مددگار ثابت ہوگی۔ کورونا وبا کے دوران آن لائن تعلیم کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے ، لہذا یونیورسٹی اسے اور بھی بہتر بنانے کے لئے مستقل کوششیں کررہی ہے۔