نئی دہلی، ؛ پلوامہ حملے کے بعد وزارت داخلہ نے ایک بڑا فیصلہ لیتے ہوئے مرکزی پولس فورس کے جوانوں کو دہلی۔سری نگر، سری نگر۔دہلی۔ جموں۔ سری نگر اور سری نگر۔جموں سیکٹروں میں ہوائی سفر کی منظوری دے دی۔
مرکزی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے آج یہاں یہ اعلان کیا۔ انہوںنے کہا کہ اب مرکزی پولس فورس کے جوان بھی ہوائی راستے سے سفر کرنے کے اہل ہوں گے۔
گزشتہ 14 فروری کو سری نگر کےنزدیک پلوامہ میں مرکزی ریزرو پولس فورس (سی آر پی ایف)کے قافلے کی ایک بس پر دہشت گردانہ حملے میں 40 جوانوں کے شہید ہونے کے بعد ان جوانوں کے سڑکوں کے راستے سے سفر کے سلسلے میں حکومت پر تنقیدوں کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مسٹر راج ناتھ سنگھ نےکہا کہ اس فیصلے سے سپاہی، ہیڈکانسٹبل اور معاون سب انسپکٹر کے عہدوں پر تعینات مرکزی پولس فورس کے 78 ہزار جوانوں کو فوری فائدہ حاصل ہوگا۔ اس عہدے پر تعینات ملازموں کو پہلے ہوائی راستوں سے سفر کرنے کی منظوری نہیں تھی۔ یہ منظوری ڈیوٹی کے ساتھ ساتھ چھٹیوں پر آنے جانے کے لئے دی گئی ہے۔