ایران کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ علاقائی ممالک کے مابین طاقت کے توازن میں فرق اور عدم مساوات سے ایک بحران پیدا ہوا ہے۔اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے قطر میں منعقدہ دوحہ فورم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عصر حاضر میں بعض علاقائی عناصرخطے میں لامتناہی عدم مساوات کو علاقائی سطح پر تسلط جمانے کیلئے اہم موقع سمجھتے ہیں اور یمن کی جنگ اور سعودی عرب کی جانب سے قطر کا محاصرہ اسی قسم کے غلط اندازوں اور تخمینوں کا المناک نتیجہ ہے۔
ایران کے وزیر خارجہ نے کہا کہ ہرمز امن منصوبے میں خطے کے ممالک کے درمیان یکجہتی، باہمی مفاہمت، پُرامن اور دوستانہ تعلقات، سمندری علاقوں میں آزاد اور پُرامن جہازرانی، تیل اور توانائی تک آسان رسائی اور تمام ممالک کو ایندھن کی ضروریات فراہم کرنا شامل ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ ہرمز امن منصوبے کے ذریعے خطے کے تمام اختلافات اور کشیدگی کو پُرامن طریقوں اور تعلقات کے فروغ کے ذریعے حل کرنا ہوگا۔
محمد جواد ظریف نے صدر مملکت حسن روحانی کیجانب سے اقوام متحدہ کی 72 ویں جنرل اسمبلی کے حالیہ اجلاس کے موقع پر ہرمز امن منصوبے جسے اتحاد امید بھی کہاجاتا ہے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران، ہرمز امن منصوبے کے فریم ورک کے اندر خطے کے ممالک کے درمیان تعمیری اور جامع تعاون کا خواہاں ہے۔