لکھنؤ: راشٹریہ لوک دل (آر ایل ڈی) نے اعلان کیا ہے کہ پارٹی سربراہ جینت چودھری کی قیادت میں کسانوں کے مسئلہ سمیت مختلف مسائل پر یوگی حکومت کے خلاف آواز بلند کی جائے گی۔
آر ایل ڈی کے قومی ترجمان انیل دوبے نے کہا کہ اگر اتر پردیش میں گنے کی قیمت 23 دسمبر تک 450 روپے فی کوئنٹل تک بڑھائی گئی تو آر ایل ڈی کسان پنچایت کا انعقاد کرے گی۔ وہیں، 26 دسمبر کو آر ایل ڈی کے قومی صدر چودھری جینت سنگھ کی قیادت میں اسمبلی کا گھیراؤ اور مظاہرہ کیا جائے گا۔
خیال رہے کہ آر ایل ڈی کے قومی ترجمان انیل دوبے کل گونڈہ کے دورے پر گئے تھے، جہاں آنجہانی چودھری چرن سنگھ کے مجسمہ پر پھول چڑھانے کے بعد انہوں نے اپنے کارکنوں کے ساتھ میٹنگ کی اور 2024 کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔
انہوں نے انڈیا اتحاد کے ذریعہ ملک میں تبدیلی لانے کی بات کی اور کہا کہ آر ایل ڈی ہندوستان اتحاد کو مضبوط کرنے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بی جے پی پر حملہ کیا اور اسے سرمایہ داروں کی دوست پارٹی قرار دیا۔
آر ایل ڈی لیڈر نے کہا کہ بی جے پی نے عوام سے کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا ہے اور اب بی جے پی کو بے نقاب کرنے کا کام راشٹریہ لوک دل کرے گا۔ روزگار کا مسئلہ اٹھاتے ہوئے انیل دوبے نے کہا کہ بی جے پی نے نوجوانوں کو 2 کروڑ نوکریاں دینے کی بات کی تھی، لیکن آج کیا صورتحال ہے، بلکہ اگنی ویروں کو بھرتی کر کے فوج کی بھی توہین کی جا رہی ہے۔