رودرپور: اتراکھنڈ کے ضلع رودرپور کے جے پرکاش نے ایشین جو-جتسو (جاپان کا فنِ کشتی) چیمپئن شپ میں کانسی کا تمغہ جیت لیا ہے جو کہ 85000 روپے کا چندہ جمع کرنے کے بعد ملک کی نمائندگی کرنے گئے تھے۔ رپورٹ کے مطابق بیٹے کے میڈل کی اطلاع ملتے ہی مزدور والد پریم چندر کی آنکھوں میں آنسو آ گئے۔
ایشین چیمپئن شپ 24 سے 28 فروری تک بنکاک کے رنگسیٹ یونیورسٹی اسٹیڈیم میں منعقد ہوئی تھی۔ جس میں 30 ممالک کے 500 سے زائد کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔ بین الاقوامی جو-جِتسو کھلاڑی جے پرکاش کو چیمپئن شپ تک پہنچنے کے لئے کافی جدوجہد کرنی پڑی۔
مالی مجبوریوں کی وجہ سے انہوں نے پائی پائی جوڑ کر 85 ہزار روپے جمع کئے۔ ضلع جوجٹسو ایسوسی ایشن کے صدر بھارت بھوشن چُگ نے بھی جے اور ایک اور کھلاڑی کمل سنگھ کو تھائی لینڈ بھیجنے میں مدد کی۔
کوچ رشی پال بھارتی نے بتایا کہ جے پرکاش نے جو-جتسو ایڈلٹس کانٹیکٹ ایونٹ کے 56 کلوگرام زمرے میں کوارٹر فائنل میں سنگاپور کے عاشور اشرف کو شکست دی۔
سیمی فائنل میں انہیں تھائی لینڈ کے کیڈینن کومریت کے ہاتھوں شکست کے بعد کانسی کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا۔ وہیں، کمل کو ایک پوائنٹ سے شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔
جوجتسو ایسوسی ایشن آف انڈیا کے صدر ونے کمار نے جے کو تمغہ جیتنے پر مبارکباد دی۔