گورکھپور : سکٹورعلاقہ میں زیورات تاجر کی دکان کا تالا توڑ کر چور تقریباً ۲۳؍لاکھ روپئے قیمت کے زیورات لے کر فرار ہوگئے۔چوروں نے واردات کوانجام دینے سے قبل دکان میں لگے ہوئے سی سی ڈی وی کیمرے کا پلگ نکال دیاتھا۔موصولہ خبر کے مطابق کوتوالی علاقہ کے محلہ چھوٹے قاضی پور کاباشندہ کنہیا لال ورما کی سیکٹورچوراہے پر لکشمی جویئلرس کے نام سے دکان ہے۔ آج صبح کنہیا لال کو فون سے اطلاع ملی کہ اس کی دکان کا تالا ٹوٹاہواہے اطلا ع ملنے کے بعد کنہیا لال نے دکان پر پہنچنے کے بعد پولیس کو اطلاع دی۔
موقع پر پہنچی کھورابار پولیس ،ڈاگ اسکوائڈ اورفیلڈ یونٹ کی ٹیم نے تفتیش شروع کردی۔ کنہیا لال نے بتایا کہ دکان سے ساڑھے چار سوگرام سونا ، دس کلو چاندی کے زیورات چوری کرلئے گئے ہیں۔ دکان کے چینل،شٹراورتیجوری کے تمام تالے ٹوٹے ہوئے تھے اس کے علاوہ گروی رکھے ہوئے ۸۵گرام سونے کے زیورات بھی غائب ہونے کی اطلاع کنہیا لال نے پولیس کو دی۔ڈاگ ا سکوائڈکی ٹیم کو دکان سے کچھ فاصلے پر سڑک کے کنار ے زیورات کے خالی پڑے ہوئے ڈبے ملے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی چوروں نے کنہیالال کی دکان میں چوری کی واردات کوانجام دینے کی کوشش کی تھی لیکن انھیں کامیابی نہیںمل سکی تھی۔چوری کئے گئے زیورات کی بازاری قیمت تقریباً۲۳لاکھ روپئے بتائی جارہی ہے۔