نئی دہلی، 14 مئ) ملک کی سب سے بڑی ٹیلی کام کمپنی ریلائنس جیو اپنے ان جیو فون صارفین کو 300 منٹ مفت آوٹ گوئنگ کال کی سہولت دے گی، جو صارفین لاک ڈاون یا دیگر وجوہات سے ری چارج نہیں کرا پارہے ہیں۔ بغیر ری چارج کئے جیو فون صارفین اب 10 منٹ روزانہ اپنے موبائل پر بات کر پائیں گے۔10 منٹ روزانہ کے حساب سے کمپنی ہر مہینے 300 منٹ مفت آوٹ گوئنگ کال کی سہولت دے گی۔ ان کمنگ کال پہلے کی طرح ہی مفت رہے گی۔
کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ یہ سہولت وبا کے دوران جاری رہے گی۔ اس سے کروڑوں جیو فون صارفین کو فائدہ پہنچے گا۔
ملک کی بیشتر ریاستوں میں لاک ڈاون لگا ہے، لوگ گھروں میں قید ہیں۔ ایسے میں موبائل ری چارج کرانا مشکل ہوگیا ہے۔ خاص کر حاشئے پر رہ رہے لوگوں کیلئے یہ بے حد مشکل کام ہے۔ ریلائنس جیو نے جیو فون صارفین کو اس پریشانی سے نکالنے کیلئے یہ پیشکش کی ہے۔ کمپنی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وبا کے دوران کمپنی یہ یقینی بنانا چاہتی ہے کہ سماج کا محروم طبقہ موبائل سے مربوط رہے۔
جو جیو فون صارفینموبائل ری چارج کرسکتے ہیں۔ ان کیلئے بھی ریلائنس جیو کے پاس ایک خاص پلان ہے۔ جیو فون کے ہر ری چارج پر کمپنی اسی قیمت کا ایک اضافی پلان مفت دے گی۔ مطلب اگر جیو فون صارفین75 روپے کا 28 دنوں والی ویلڈیٹی کا پلان ری چارج کراتے ہیں تو انھیں 75 روپے والا ہی ایک اور پلان مفت میں ملے گا، جس کا صارفین پہلا ری چارج ختم ہونے کے بعد استعمال کرسکیں گے۔
ریلائنس فاونڈیشن لوگوں کو موبائل نیٹ ورک سے جوڑے رکھنے کیلئے ریلائنس جیو کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے۔ ریلائنس جیو نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ کورونا وبا نے ملک کے سامنے بہت بڑا چیلنج کھڑا کردیا ہے اورریلائنس اس وقت ہر ہندوستانی کے ساتھ کندھے سے کندھا ملاکر کھڑا ہے۔