سری نگر: وسطی کشمیر کے ضلع بڈگام کے مازہامہ علاقے میں جمعے کی صبح بارہمولہ جا رہی ٹرین کا انجن اور ایک ڈبہ پٹری سے اتر آیا تاہم کسی مسافر کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ وادی کشمیر میں ٹرین سروس شروع ہونے سے اب تک اس نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے۔
ایک ریلوے عہدیدار نے یو این آئی کو بتایا کہ بڈگام سے بارہمولہ جا رہی ایک ٹرین کا مازہامہ کے نزدیک انجن اور ایک ڈبہ پٹری سے اتر گیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ جمعے کی صبح قریب پونے دس بجے پیش آیا تاہم اس واقعے میں کوئی مسافر زخمی نہیں ہوا۔ حادثہ کی اطلاع موصول ہونے پر ریلوے حکام موقع پر پہنچے اور ٹریک کو خالی کرانے کا کام شروع کر دیا۔
عہدیدار کا کہنا تھا کہ فی الوقت بڈگام تا بارہمولہ ٹرین سروس بند ہو گئی ہے جس کو بحال کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے کی وجوہات معلوم کی جا رہی ہیں تاہم برف باری سے پٹری پر پیدا ہو رہی پھسلن بھی وجہ ہو سکتی ہے۔