سری نگر:بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان مہندر سنگھ دھونی نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے سرحدی قصبہ اوڑی میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز سے بات چیت کے دوران انہیں بتایا ہے کہ کامیابی کے لئے فٹنس اور سکلز انتہائی ضروری ہے ۔ دھونی جنہیں فوج نے لیفٹیننٹ کرنل کا اعزازی رینک عطا کیا ہوا ہے ،
نے قصبہ اوڑی میں ابھرتے ہوئے کرکٹرز کے ساتھ جمعہ کے روز تبادلہ خیال کیا ہے ۔ ایک فوجی عہدیدار نے بتایا کہ یہ نوجوان کرکٹروں کے لئے عظیم کھلاڑی سے تجاویز حاصل کرنا کا ایک نادر موقع تھا۔
انہوں نے بتایا کہ دھونی نے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کے ساتھ کرکٹ کھیلنے کے علاوہ انہیں قیمتی تجاویز دیں۔ سابق کپتان دھونی اتوار کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں ہونے والے چنار کرکٹ پریمئر لیگ 2017 کے فائنل مقابلے میں بھی مہمان خصوصی کی حیثیت سے شرکت کریں گے ۔
وزارت دفاع کے ترجمان کرنل راجیش کالیا نے یو این آئی کو بتایا ‘چنار کرکٹ پریمئر لیگ 2017 کا فائنل اتوار کو شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ کے کنزر میں شمالی اور جنوبی کشمیر کی ٹیموں کے درمیان کھیلا جائے گا’۔ انہوں نے بتایا ‘فائنل مقابلے میں دھونی کی بحیثیت مہمان خصوصی شرکت سے اس کی اہمیت دوبالا ہوگئی ہے ‘۔ ….
کرنل کالیا نے بتایا ‘اس فائنل مقابلے میں مقامی کرکٹروں کو کرکٹ لیجنڈسے ضروری ٹپس حاصل کرنے کا موقع ملے گا’۔ قابل ذکر ہے کہ مشہور و معروف کھلاڑی دھونی نے 22 نومبر کو یہاں بادامی باغ علاقہ میں واقع فوج کی چنار کور کے ہیڈکوارٹر کا اچانک دورہ کرکے آرمی پبلک اسکول کے طلباء کے ساتھ بات چیت کی۔
اگرچہ دھونی کے دورہ چنار ہیڈکوارٹر کے بارے میں میڈیا کو اطلاع نہیں دی گئی تھی، تاہم چنار کور نے مشہور کرکٹر کے دورے کے دوران لی گئیں متعدد تصویریں اپنے آفیشل ٹویٹر اکاونٹ پو پوسٹ کی تھیں۔
ٹویٹ میں کہا گیا کہ دھونی نے طلباء کے ساتھ بات چیت کے دوران پڑھائی اور سپورٹس کی اہمیت بیان کی۔ چنار کور نے ٹویٹ میں کہا تھا ‘لیفٹیننٹ کرنل (اعزازی) مہندر سنگھ دھونی نے آرمی پبلک اسکول سری نگر کے پرجوش طلباء کے ساتھ بات چیت کرتے ہوئے پڑھائی اور اسپورٹس کی اہمیت بیان کی’۔