جموں: جموں کے بس اڈے میں جمعرات کے روز ہوئے گرینیڈ دھماکے کے تناظر میں انسپکٹر جنرل آف پولیس )جموں( منیش کمار سنہا نے جموں شہر کی مارکیٹ انجمنوں کے نام اپنے دکانوں اور تجارتی اداروں پر سی سی ٹی کیمرے نصب کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
جموں کے آئی جی پولیس منیش کمار سنہا نے اپنے آفیشل ٹویٹر ہینڈل پر کہا ‘جموں سٹی کی تمام مارکیٹ انجمنوں کے نام اپیل ، جموں پولیس کو اپنی سٹی محفوظ رکھنے کے لئے مدد کریں، اپنے دکانوں اور تجارتی اداروں پر جتنے ممکن ہوسکیں اتنے سی سی ٹی کیمرے نصب کریں’۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں فوری عمل زیادہ کارگر ثابت ہوگی۔
قابل ذکر ہے کہ جموں کے بس اڈے میں جمعرات کو ہوئے گرینیڈ دھماکے میں ایک غیر ریاستی نوجوان سمیت 2 افراد ہلاک جبکہ دیگر 31افراد زخمی ہوئے ۔ سبھی زخمیوں کو گورنمنٹ میڈیکل کالج و اسپتال جموں میں داخل کرایا گیا تھا۔ گرینیڈ دھماکے کی وجہ سے بس اڈے میں کھڑی کچھ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا تھا۔جموں وکشمیر پولیس نے گرینیڈ پھینکنے والے نوجوان کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ اس کی شناخت ضلع کولگام کے رہنے والے یاسر جاوید بٹ کے طور پر کی گئی ہے ۔