سری نگر: شمالی کشمیر کے سرحدی ضلع کپواڑہ کے مژھل سیکٹر میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے نذدیک جنگجوؤں اور سیکورٹی فورسز کے مابین جاری جھڑپ میں تاحال دو بارڈر سیکورٹی فورس (بی ایس ایف) اہلکار اور ایک جنگجو ہلاک ہوئے ہیں۔
ایک بی ایس ایف ترجمان نے یو این آئی کو بتایا ‘جنگجوؤں نے کپواڑہ کے مژھل سیکٹر کے جنگلوں میں واقع ایک بی ایس ایف چوکی پر حملہ کردیا۔ بی ایس ایف نے جوابی کاروائی کی جس کے بعد طرفین کے مابین باضابطہ طور پر جھڑپ کا آغاز ہوا’۔
انہوں نے بتایا کہ طرفین کے مابین گولیوں کے تبادلے میں دو بی ایس ایف اہلکار ہیڈ کانسٹیبل چندر پال سنگھ اور کانسٹیبل بابن ساہا اور ایک جنگجو ہلاک ہوگئے ۔ بی ایس ایف ترجمان نے بتایا کہ آخری اطلاعات موصول ہونے تک طرفین کے مابین جھڑپ جاری تھی۔
انہوں نے بتایا کہ جنگجوؤں کے فرار ہونے کے راستے بند کرنے کے لئے علاقے کو سخت محاصرے میں لے لیا گیا ہے ، جبکہ سیکورٹی فورسز کی اضافی نفری وہاں روانہ کردی گئی ہے ۔